تبدیلی کا غیر حقیقی نعرہ اپنا بچا کچا سحر بھی کھو چکا، صادق عمرانی

November 28, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصر اپنے ہی ہاتھوں ڈیفالٹ ہوچکے ہیں۔ تبدیلی سرکار کو ملکی تاریخ سےاب تو سبق لے لینا چاہئے کہ مرضی کے مسلط کردہ عناصر کا حشر کچھ ایسا ہی ہوا کرتا ہے۔ لانگ مارچ کے سکڑ جانے سے اس حقیقت پر مہر ثبت ہوچکی ہے کہ تبدیلی کا غیر حقیقی نعرہ اپنا بچا کچا سحر کھو چکا ہے ، اپنے فیل ہوجانے کا اعتراف ہی اپنے سیاسی تابوت میں آخری کیل اپنے ہی ہاتھوں ٹھونک دینے کے مترادف ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ کرپٹ سسٹم کا چار سال حصہ رہنے والوں کو اس عرصہ میں اپنے ناک کے نیچے ہونے والی بدعنوانیوں کا خیال اس لئے نہیں آیا ، میرے ہمنواؤں جی بھر کے جیبیں بھرو آخر کار تمہیں پھر سے جلسوں، دھرنوں اور ان میں ناکامی کے بعد لانگ مارچ پر بھی خرچہ کرنا ہے۔ عددی اعدادوشمار اور اب تک کئے جانے والے سیاسی اخراجات پر سرسری نظر ڈالی جائے تو آسانی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اب تک کیا جانے والا یہ لاحاصل خرچہ اربوں میں ہے۔ ملک کو ڈیفالٹ کرنے والا آج خود سیاسی و معاشی طور پر ڈیفالٹ ہوچکا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے مزے بہت لوٹ لئے اب تو عرش سے فرش پر آنا مقدر ٹھہرا دیا گیا ہے ۔ اب تو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے نیازی کو کچھ تو قوم پر ترس کھانا چاہئے۔ الزام تراشی کی سیاست کاآغاز تبدیلی سرکار کی جانب سے ہوا کانٹے بوئے ہیں اب ان کانٹوں پر چلنا بھی خود تمہیں سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست بہت بے رحم چیز کا نام ہے خاص طور پر ان کے لئے جو عوامی خواہشات کو ردندتے ہوئے ملک پر مسلط کئے جاتے ہیں۔