اکتوبر تک1 ارب 15 کروڑ روپے ٹیکس وصول کرلیا، ڈائریکٹر ایکسائز

November 28, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ایکسائز جام سراج احمد نے کہا ہے کہ اکتوبرتک 1 ارب 15 کروڑ روپے ٹیکس وصول کرلیا جو مقررہ ہدف سے 6فیصد زیادہ ہے ملتان ڈویژن کے لیے مقرر کردہ 2 ارب85کروڑ روپے کے مجموعی ہدف کو حاصل کرنے کے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایکسائز ٹیموں نے ملتان ڈویژن سے 65 کروڑپراپرٹی ٹیکس، 42 کروڑ روپے موٹر ٹیکس، 3کروڑ روپے پروفیشنل ٹیکس اور 70 لاکھ روپے کاٹن فیس اور دیگر وصول کرلیے ہیں جو مجموعی ہدف کا 41فیصد ہے اور ہدف سے 37کروڑ روپے زیادہ ہے روزانہ مانیٹرنگ کے ساتھ عملے کے درمیان صحت مندانہ مقابلوں کا انعقاد کرایاجا رہا ہے اور ہر ماہ کے آخر میں بہترین کارکردگی پر عملہ کو ٹرافیاں اور تعریفی اسناد سے نوازا جارہاہے تاکہ وہ بہترطریقے سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصولی کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ وصولی کے لیے تمام جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیاجارہاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر آن لائن ویب پورٹل پردرج ہونے والی شکایات کا جائزہ لیتے ہیں اور ٹیکس گزاروں کے جائز مطالبات کو حل کرتے ہیں۔ڈائریکٹر ایکسائز نے بتایا کہ نئے یونٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے سروے بھی جاری ہے جو رواں سال دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ ایکسائز نے 500مستقل نادہندگان سے 13 کروڑ روپے کی واجب الادا ٹیکس کی وصولی کیلئے سخت کارروائی کر کے 80فیصد واجبات وصول کرلیے ہیں اور بقایا واجبات کی وصولی کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز آفس میںصارفین کو گاڑیوں کی ٹرانسفر سہولت فراہم کرنے کیلئے 9 خصوصی کاونٹر قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی ٹیکس رعایت کی پیشکش ختم ہوگئی ہے اوراب ہرماہ 1 فیصد جرمانے کے ساتھ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے واجبات وقت پر جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی آگاہی کے لیے مہم بھی جاری تھی۔