کراچی والوں نے ’کوئیک اسٹائل‘ کے دل جیت لئے

November 28, 2022

فائل فوٹو

کراچی والوں نےناروے کے مشہور ڈانسر گروپ ’کوئیک اسٹائل‘ کے دل جیت لیے۔

ناروے کے مشہور ڈانسر گروپ ’کوئیک اسٹائل‘ نے جہاں کراچی میں منعقدہ کانسرٹ میںپرفارم کر کے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا، وہیں کراچی والوں نے بھی چند گھنٹوں کے نوٹس پرکانسرٹ میں بھرپور شرکت کی۔

عالمی شہرت یافتہ ڈانسر گروپ ’کوئیک اسٹائل‘ نے پاکستان آمد کے بعد کراچی میں منعقد اپنے پہلے کانسرٹ میں شاندار پرفارمنس دے کر مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے منفرد ڈانس کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہونے والے اس ڈانس گروپ نے اس سے قبل مختلف ممالک میں اپنی پُرلطف پرفارمنس سے اپنا لوہا منوا رکھا ہے۔

اب گزشتہ روز عالمی شہرت یافتہ اس ڈانس گروپ نے کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تو جدید رقص کے متوالے ان کے ساتھ جھوم اٹھے۔

کوئیک اسٹائل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کراچی میں منعقدہ کانسرٹ کا اعلان شو سے چند گھنٹے قبل کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود کراچی کی عوام نے کنسرٹ میں بھرپور شرکت کی۔

گروپ نے بھی کراچی والوں کی محبت اور مہمان نوازی کا جواب ان کی خوب تعریفیں کرکے دیا۔ کانسرٹ میں عوام میں موجود نوجوان ملکی ڈانسرز کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع دیا گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ڈانس گروپ کوئیک سٹائل کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے مختلف قوموں کے گیتوں پر پرفارم کر کے قوموں کو قریب لانے کی ایک کامیاب کوشش کی ہے۔

یاد رہے کہ کوئیک اسٹائل ان دنوں کراچی میں کوک اسٹوڈیو کی جانب سے منعقد کئے ہوئے مختلف کانسرٹس میں شرکت کر کے عوام کو تفریح کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔

کوئیک اسٹائل ڈانس گروپ نے گزشتہ سال پاکستانی بلوچی فو ک گانے ’کنا یاری‘ پر بھی رقص کر کے خوب توجہ حاصل کی تھی۔