یادوں کے سنگ

December 04, 2022

مصنّفہ: رضیہ بیلا سیّد

صفحات: 112، قیمت: 550روپے

ناشر: ہارون پبلی کیشنز، کراچی۔

مصنّفہ عرصۂ دراز سے لکھ رہی ہیں، لیکن ان کو کوئی دعویٰ نہیں۔ خاموشی کے ساتھ اپنا ادبی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کبھی کبھی کسی ادبی جریدے میں ان کی کوئی تحریر نظر آجاتی ہے۔ ہمارے پیشِ نظرمجموعے میں پندرہ مضامین شامل ہیں۔

مصنّفہ کی تحریروں سے ان کی حبّ الوطنی عیاں ہے۔ کتاب میں مختلف موضوعات پر مضامین اور شخصی خاکوں کے علاوہ ان کی تین کہانیاں بھی ہیں، قائدِاعظم کے حوالے سے ان کا مضمون ان کی عقیدت و محبّت سے لب ریز ہے۔ رضیہ بیلا سیّد سیاسی بصیرت ہی نہیں، سماجی شعور بھی رکھتی ہیں۔ ان کے کچھ مضامین میں افسانوی رنگ دَر آیا ہے، جس سے ان کے افسانوی مزاج کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

زیرِنظر کتاب زاہد رشید کی نگرانی میں شایع ہوئی ہے، جو ایک بڑے باپ کے ہونہار بیٹے ہیں۔ ان کے والد پروفیسر ہارون الرشید کے علمی و ادبی کارناموں سے کون واقف نہیں۔ زاہد رشید خود بھی صاحبِ نظر ادیب ہیں، لیکن کتاب میں پروف کی غلطیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

خود ان کے مضمون میں ’’ڈاکٹر عبدالقدیر خان‘‘ کو تین جگہ ڈاکٹر عبدالقادر خان لکھا گیا ہے۔ ہر مبصر کا فرض ہے کہ وہ کتاب کی خُوبیوں کے ساتھ غلطیوں کی بھی نشان دہی کرے کہ دیانت داری کا یہی تقاضا ہے۔