موسمِ سرما میں جِلد کی حفاظت

December 04, 2022

جب چہار سُو ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہوں، تو لامحالہ اُن کے اثرات جِلد پر بھی مرتّب ہوتے ہیں۔ ایسے میں جن افراد کی جِلد خشک ہو، اُنہیں جِلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے معیاری موائسچرائزرز کا استعمال کرنا پڑتا ہے، تو ساتھ ہی کھانے پینے کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ نیز، اس ضمن میں بعض گھریلو ٹوٹکے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔مثلاً:

٭گلیسرین، عرقِ گلاب اور لیموں کا رس ہم وزن ملا کر کسی بوتل میں بھرلیں اور روزانہ سونے سےقبل اچھی طرح منہ ہاتھ اور پاؤں دھو کر ہاتھوں، پیروں اور چہرے پر لوشن کی طرح لگائیں۔ اس طرح جِلد کی نمی برقرار رہتی ہے۔

٭اگر جِلد خشک ہوکر پھٹنے لگے، تو ایک پیالی میں شہد اور زیتون کا تیل دو دو چائے کے چمچ ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے کسی بوتل میں محفوظ کرلیں اور دِن میں کسی بھی وقت پھٹی ہوئی جِلد پر لگا کر 30 منٹ بعد دھو لیں۔

٭گلاب کی پتّیوں کا پیسٹ بنا لیں اور ایک پیالی میں یہ پیسٹ اور بالائی ہم وزن مِکس کر کے فریج میں رکھ دیں۔ پھر ہر روز رات سونے سے قبل یہ آمیزہ 15 منٹ کے لیے چہرے پر لگاکر دھولیں۔ چہرہ تروتازہ رہے گا۔

٭ایک پیالی میں ایک انڈے کی زردی اور ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل ڈال کر خُوب اچھی طرح پھینٹیں کہ جھاگ بن جائیں۔ پھر اسے چہرے پر لگائیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں۔ (عفّت علی، کراچی)