شام میں آپریشن شروع کرنے کیلئے صدر کے حکم کا انتظار ہے، ترک عہدیدار

November 28, 2022

ترک فوجی دستہ

سینئر ترک حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ شام میں آپریشن شروع کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا، صرف صدر کے حکم کا انتظار ہے۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ ترکیہ کی فوج کو شام میں زمینی کارروائی کے لیے صرف چند دن درکار ہیں، پیر کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں کارروائی کے متعلق فیصلہ ہوسکتا ہے۔

ترک حکومت کے سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج کو مکمل تیاری کے لیے صرف چند دن لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شام میں ترکیہ کے حمایت یافتہ باغی جنگجو بم حملے کے بعد سے ہی آپریشن کے لیے تیار ہیں۔

پچھلے ہفتے ترکیہ کی طرف سے فائر کیے گئے میزائلوں نے کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ ترک لڑاکا طیاروں نے فضائی حملے کیے۔

خیال رہے کہ ترکیہ نے دو ہفتے قبل استنبول میں ہونے والے جان لیوا بم دھماکے کا الزام کرد باغیوں پر عائد کیا تھا جبکہ کرد باغی تنظیم نے اس کی تردید کی تھی۔