الیکشن کے نام پر 13 جماعتی اتحاد کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں، اسلم اقبال

November 29, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کے نام پر 13جماعتوں کے اتحاد کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ عمران خان کی عوامی مقبولیت کا خوف کرپٹ ٹولے کو بے چین کر رہاہے۔ عمران خان کے کرپٹ نظام سے علیحدہ ہونے کے اعلان سے پی ڈی ایم میں کھلبلی مچ گئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے 90شاہراہ قائد اعظم پر سیاسی وسماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے لئے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے مشورے دینے والے اب یہ اسمبلیاں بچانے کی تدبیریں کررہے ہیں۔پی ڈی ایم ہر قیمت پر عام انتخابات سے راہ فرار چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جب بھی ہوئے تو وفاق میں بیٹھے کرپٹ ٹولے کی فرعونیت خاک میں مل جائے گی۔آزاد سوچ سے ہی غلامی سے نجات ملتی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو حقیقی آزاد ی کا شعور دیا اور باشعور قوم کو اب حقیقی آزادی کی منزل پانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ملاقاتوں کے دوران پنجاب کے ترقیاتی امور اور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی۔