سندھی کی تدریس پر خاص توجہ کی ضرورت ہے، رافعہ ملاح

November 30, 2022

پروگرام میں اسٹینمور اسکول کے بچوں نے سندھی زبان میں مختلف ٹیبلوز پیش کئے۔

پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کے زیر اہتمام ڈائریکٹریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشنز سندھ کے اشتراک سے بین المدارس سندھی تقریری مقابلے اور ثقافتی دن کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں کراچی کے 20 سے زائد اسکولوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد ناصر زیدی بانی و صدر پاکستان اکیڈمک کنسورشیم نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے پرائیوٹ اسکولوں میں سندھی زبان اور ثقافت کے فروغ کے لئے اِس امر کی خاص ضرورت ہے کہ طلباء و طالبات کے مابین اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے جہاں انہیں سندھی زبان سے دلچسپی اور محبت کے اظہار کا بھر پور موقع ملے۔

پروگرام کی مہمان خصوصی محترمہ رافعہ جاوید ملاح ایڈیشنل ڈائریکٹر نے اپنے خطاب میں تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے تمام اسکولوں کے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پاکستان اکیڈمک کنسورشیم اور اسٹینمور اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوشش کو بے حد سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سندھی زبان میں ہونے والا یہ پہلا تقریری مقابلہ ہے اور جس اعتماد سے طلباء طالبات نے اسٹیج پر آکر تقاریر کیں وہ قابلِ ستائش ہے۔

محترمہ رافعہ جاوید ملاح نے تمام پرائیوٹ اسکولوں کے لئے پیغام دیا کہ سندھی زبان کی تدریس پر خاص توجہ کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں میں اپنی علاقائی زبان اور ثقافت سے دلچسپی برقرار رکھی جائے۔

پروگرام میں اسٹینمور اسکول کے بچوں نے سندھی زبان میں مختلف ٹیبلوز پیش کئے اور سندھی ثقافت سے متعلق مختلف اشیاء نمائش کے لئے رکھیں۔

ممتاز حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور محترمہ خالدہ پروین، سندھی ٹیچر سینٹ جوزف ہائی اسکول نے مقابلے کے منصفین کے فرائض انجام دیے۔

پروگرام میں شریک معزز مہمان محمد افضل انصاری قائم مقام ڈائریکٹر اور اخلاق احمد مانیٹرینگ آفیسر نے بھی مقابلے میں شامل تمام طلباء و طالبات کی پذیرائی کی اور آخر میں مہمان خصوصی کے ہمراہ کامیاب ہونے والے شرکاء میں اَسناد تقسیم کیں۔

بعد ازاں پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کے جنرل سیکرٹری فہد نسیم صدیقی نے تمام مہمانوں اور اسکول منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ بھی پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کی جانب سے ڈائریکٹریٹ کے ساتھ مزید وسیع پیمانے پر اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد جاری رہے گا اور سندھی زبان و ثقافت کو مزید فروغ دینے کے لئے کوششیں جاریرکھیجائیںگی۔