کراچی: خاوند کے ہاتھوں قتل کی گئی خاتون اور تین بیٹیاں سپرد خاک

November 30, 2022

کراچی کے علاقے شمسی سوسائٹی میں خاوند کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون اور اس کی تین بیٹیوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

پولیس نے ملزم فواد کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

موبائل فون پر ریکارڈ کرائے گئے بیان میں ملزم نے بتایا کہ وہ سرمایہ کاری کے نام پر 5 سال سے جن لوگوں سے پیسے لے رہا تھا، اب وہ اپنی رقم کا تقاضہ کر رہے تھے۔

ملزم نے کہا کہ گھریلو جھگڑوں نے بھی پریشان کر رکھا تھا، اسی لئے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنا چاہتا تھا۔

کراچی کی شمسی سوسائٹی میں خاوند کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون اور تین بیٹیوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

مقتولین کا پوسٹ مارٹم گزشتہ رات ہی کرلیا گیا تھا جبکہ میتیں آج چھیپا سرد خانہ شاہراہ فیصل سے گھر منتقل کی گئیں، نماز جنازہ عظیم مسجد اور تدفین عظیم پورہ قبرستان میں ہوئی۔

بیوی بچوں کو بے رحمی سے قتل کرنے والے ملزم فواد نے اپنا گلا بھی کاٹنے کی کوشش کی تھی مگر ڈاکٹروں نے اُسے بچالیا۔

ملزم بولنے کے قابل نہیں اس لئے پولیس نے اُس کا ابتدائی بیان موبائل فون پر تحریری شکل میں لیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ فواد 5 سال سے لوگوں کے پیسے انویسٹ کر رہا تھا، اُس نے 7 انویسٹرز کے نام بھی دیے ہیں جنہیں شامل تفتیش کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔