میڈیکل ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، یاسمین راشد

December 01, 2022

لاہور( جنرل رپورٹر ، خصوصی رپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ا میر الدین میڈیکل کالج کے کانووکیشن کی تقریب ایوان اقبال میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد تھیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے شرکاء کو حکومت پنجاب کی صحت پالیسی سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایک ڈاکٹر بننے پر حکومت کی کثیر رقم خرچ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں اور ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہےپروفیسر الفرید ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی طبی تعلیم کی جلائی ہوئی روشنی سے اندرون و بیرون ملک ہزاروں طالبعلم مستفید ہو چکے ہیں۔ایم بی بی ایس گریجوایٹ حافظ محمد ولید ملک نے مجموعی طور پر 29میڈلز، محمد شیراز 21میڈلز اور عاصمہ نے 10میڈلز حاصل کئے۔ دریں اثنا ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ظلم کانظام جاری ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کے خلاف بہت احتجاج کیالیکن ظلم کی حکومت کے کانوں پرکوئی جوں تک نہیں رینگ رہی۔وفاقی حکومت کی جانب سے سینیٹراعظم سواتی پر بہیمانہ تشددکی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یکم دسمبرکوصبح ساڑھے گیارہ بجے سپریم کورٹ رجسٹری میں پٹیشن دائرکرنے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے مرکزی دفترمیں اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔