برسلز : پاکستان اور یورپین یونین کے 60 سالہ تعلقات مکمل ہونے پر تصویری نمائش کا انعقاد

December 01, 2022

پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان 60 سالہ تعلقات مکمل ہونے پر برسلز میں واقع یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس (EEAS) عمارت میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

نمائش کا افتتاح مشترکہ طور پر ایشیا پیسیفک کے منیجنگ ڈائریکٹر گنر ویگنڈ اور پاکستان کے قائم مقام سیکٹری خارجہ جوہر سلیم نے کیا۔

برسلز میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں 75 تصاویر مذکورہ عمارت کی مرکزی لابی میں لگائی گئی ہیں۔

ان تصاویر میں پاکستانی قدیم تہذیب، ثقافت، تاریخ، موسم اور یہاں کے لوگوں کو انتہائی جاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ ان کا مختصر تعارف ساتھ ہی آویزاں بینرز میں کیا گیا ہے۔

نمائش میں پیش کی گئی یہ تصاویر ای ای اے ایس میں ایک ماہ تک موجود رہیں گی، جس کے ذریعے یورپین خارجہ امور سے منسلک دنیا بھر کے سفارتی عملے اور دیگر آفیشلز کو پاکستان سے متعلق جاننے میں مزید مدد ملے گی۔

نمائش کی افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُر عزم دکھائی دیئے۔

یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اپنی سفارتی ٹیم کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے۔

جنہوں نے یورپ - پاکستان پولیٹیکل ڈائیلاگ میں قائم مقام سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم کی بھر پور معاونت کی جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی چنیدہ شخصیات کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سفارت خانے کی جانب سے نمائش کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونے والوں کی پاکستان کے روائیتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔