دنیا کا پہلا ’پورٹیبل‘ اور ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم

December 01, 2022

اسٹیڈیم 974، فائل فوٹو

قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022ء کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ’پورٹیبل‘ اور ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم بنایا گیا ہے۔

پاکستان میں لفظ’کنٹینر‘سنتے ہی ذہن میں سب سے پہلے سڑکیں بلاک کرنے دھرنے یا لانگ مارچ وغیرہ کا خیال آتا ہے لیکن قطری حکومت نے کنٹینرز کا ایک اور زبردست استعمال بتایا ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سمندر کے کنارے فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کرنے کے لیے کنٹینرز کی مدد سے ایک عارضی اور پورٹیبل فٹبال اسٹیڈیم بنایا گیا ہے۔

اسٹیڈیم کو اس انداز سے بنایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کےختم ہوجانے کے بعد اسے اگر کہیں اور شفٹ کرنا چاہیں یا پھر کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہیں تو با آسانی کیا جاسکتا ہے۔

اسٹیڈیم کا نام، ڈیزائن اور تعمیر

دوحہ میں سمندر کے کنارے 450,000 مربع کلو میٹر کے رقبے پر بنائے گئے اس اسٹیڈیم کو فینوک ایریبارین آرکیٹیکٹس نے ڈیزائن کیا ہے۔

اس اسٹیڈیم کو 974 کنٹینرز اور اسٹیل فریم سسٹم کی مدد سے بنایا گیا ہے، یہاں تک کہ اسٹیڈیم میں باتھ روم اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کنٹینرز کا ہی استعمال کیا گیا ہے۔

’974 اسٹیڈیم‘ کوکنٹینرز اور اسٹیل فریم سسٹم کی مدد سے بنایا گیا

کنٹینرز سے بنے اس اسٹیڈیم کا نام پہلے ’راس ابو عبود اسٹیڈیم‘ رکھا گیا لیکن بعد میں تبدیل کرکے ’اسٹیڈیم 974‘ رکھ دیا گیا۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی اور تعمیر کے لیے974 کنٹینرز کے استعمال کی وجہ قطر کا ’انٹرنیشنل ڈائیلنگ کوڈ‘ ہے۔

قطر کا انٹرنیشنل ڈائیلنگ کوڈ ’974‘ ہے اسی لیے اسٹیڈیم کی تعمیر میں974 کنٹینرزکا استعمال کیا گیا اور پھر اس کانام بھی ’اسٹیڈیم974 ‘ رکھ دیا گیا۔

اسٹیڈیم کا نام ’اسٹیڈیم 974‘قطر کے انٹرنیشنل ڈائیلنگ کوڈ پر رکھا گیا


اسٹیڈیم کی’گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم‘ کے تحت ریٹنگ

’گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم(GSAS)‘ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں موجود ایک ایسا سسٹم ہےجوکہ عمارتوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو اس کی پائیداری کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد ریٹنگز دیتا ہے۔

فیفا نے 2022ء کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر میں تعمیر کیے گئے 8 اسٹیڈیمز کی پائیداری کی تشخیص کے لیے باضابطہ طور پر اس ’گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم‘ کی توثیق کی۔

اس سسٹم نے منفرد انداز میں بنائے گئے ’974 اسٹیڈیم‘ کا جائزہ لینے کے بعد اسے’4 اسٹار‘ ریٹنگ دی ہے۔

’974 اسٹیڈیم‘ کو4 اسٹار گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم (GSAS) سرٹیفیکیشن دینے کی وجہ

’گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم(GSAS)‘نے’اسٹیڈیم974‘ کو آٹھ کیٹیگریز میں اسٹیڈیم کا جائزہ لینے کے بعد اسے’4 اسٹار‘ ریٹنگ دی۔

آٹھ کیٹیگریز میں اسٹیڈیم میں انرجی، واٹر، انڈور انوائرمینٹ، کلچرل اینڈ اکنامکس، سائٹ، اربن کنیکٹیویٹی، مٹیریل، منیجمنٹ اور آپریشنز کا جائزہ لیا گیا ہے۔

’اسٹیڈیم974‘ کو 4 اسٹار گلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم (GSAS) سرٹیفیکیشنآٹھ کیٹیگریز میں جائزے کے بعد ملی

’اسٹیڈیم 974‘ کے ماڈیولر ڈیزائن کو 4 اسٹارگلوبل سسٹین ایبلٹی اسسمنٹ سسٹم (GSAS) سرٹیفیکیشن اس لیے دی گئی ہے کیونکہ اس اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے کم مواد کی ضرورت پیش آئی، کم فضلہ پیدا ہوا، عمارت کے تعمیری عمل کے دوران گرین ہاؤس گیسز کا اخراج بھی کم ہوا۔

اس اسٹیڈیم کی تعمیر میں کسی بھی اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے عام طور پر جتنا پانی استعمال ہوتا ہے اس سے تقریباََ 40 فیصد کم پانی کا استعمال کیا گیا۔

کنٹینرز اور اسٹیل کی مدد سے بنائے گئے اس اسٹیڈیم میں ایئر کنڈیشن کی ضرورت بھی نہیں ہے کیونکہ ماحول قدرتی طور پر ہی ٹھنڈا اور پرسکون ہے۔

اس کے علاوہ، اس منفرد اندازِ تعمیر کی وجہ سے اسٹیڈیم کی تعمیر میں وقت بھی کم لگا اور صرف 3 سال میں مکمل اسٹیڈیم تیار کرلیا گیا۔