عالمی فوجداری عدالت اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کرے

December 02, 2022

مقبوضہ بیت المقدس (نیوز ڈیسک) فلسطینی اور بین الاقوامی تنظیموں نے عالمی فوجداری عدالت سے اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق 198تنظیموں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نام بھیجے گئے خط میں اسرائیل کے خلاف خصوصی اختیارات استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔ تنظیموں نے فوجداری عدالت کے جج کریم خان اور اسمبلی آف اسٹیٹ پارٹیز کی صدر سیلفیا فیرناندیز دی غورمندی سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سماجی تنظیموں کو دہشت گرد گروہ قرار دینے کی مذمت کی جائے اور اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جائے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں اور آباد کاروں میںجھڑپیںہوئیں۔ عبرانی میڈیا کے مطابق نابلس کے جنوب میں واقع حوارہ میں پتھراؤ سے آباد کاروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ ایک ہفتے سے مغربی کنارے میں قابض فوج اور آباد کاروں کے ساتھ تصادم میں ایک آباد کار ہلاک اور کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر اسرائیلی کارروائیوں میں کئی فلسطینی گرفتار کیے گئے،جب کہ 4نوجوان شہید ہوگئے۔