اقراء عزیز کس پاکستانی اداکارہ سے بے حد متاثر ہیں؟

December 02, 2022

کولاج، فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ عائزہ خان اُن کی آئیڈیل ہیں۔

اداکارہ اقراء عزیز نے حال میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ عائزہ خان کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیا ہے۔

اقراء عزیز کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والی فنکارہ عائزہ خان ایک کامل خاتون ہیں جو اپنی ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ معاملات بھی انتہائی متوازن انداز میں چلا رہی ہیں۔

انٹرویو کے دوران اقراء عزیز کا کہنا تھا کہ جب میں عائزہ کی طرف دیکھتی ہوں، جس طرح سے وہ اپنے کیریئر کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی کا خیال رکھتی ہیں اور اسکرین پر بھی سب سے کامیاب اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

میں سوچتی ہوں کہ میرا ابھی ایک بچہ ہوا ہے لیکن عائزہ خان کے دو بچے ہیں اور وہ اب بھی ہمارے ملک میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والی اداکاراؤں میں سرِفہرست ہیں۔

اقراء عزیز کا مزید کہنا تھا کہ میں نے عائزہ خان کے کام سے متعلق بہت سی باتیں سُن رکھی ہیں، وہ جس طرح سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب ہیں یہ سب بہت حیرت انگیز ہے۔