شان شاہد نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کامیابی کی اصل وجہ بتادی

December 02, 2022

شان شاہد، فائل فوٹو

سینئر پاکستانی اداکار شان شاہد نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے بعد باکس آفس پر مسلسل شاندار کارکردگی کی اصل وجہ بتادی ہے۔

شان شاہد نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی عالمی سطح پر شاندار پذیرائی کا کریڈٹ پرانی فلم ’مولا جٹ‘ کو دیا ہے۔

اُنہوں نے فلم کی کامیابی پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ نہیں بلکہ اصل میں پرانی مولا جٹ ہی ہٹ ہوئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’جب میں گنڈاسا فلمیں کرتا تھا تو مجھے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ آج اس بات کی خوشی ہے کہ اسی طرز کی فلم نے نہ صرف عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان بنائی بلکہ ریکارڈ بزنس بھی کیا‘۔

شان شاہد کا کہنا ہے کہ ’فلم انڈسٹری کو اپنی بقا کے لیے گنڈا سے کی ہی ضرورت پڑی‘۔

اُنہوں نے اپنی نئی فلم کی ضرار کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ’ دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی طرح ضرار کو بھی ڈھیروں کامیابیاں ملیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ہم ماضی کے کرداروں کو اجاگر کرکے ہی اپنے سینما کو پھر سے بحال کرسکتے ہیں جو کہ بہت ضروری ہے‘