پرتگال کو شکست دے کر جنوبی کوریا اگلے مرحلے میں پہنچ گیا

December 02, 2022

فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا نے پرُتگال کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔

یوراگوئے نے گھانا کو 0-2 سے مات دی مگر راؤنڈ آف سکسٹین میں نہیں پہنچ سکی، گروپ ایچ سے پرتگال اور جنوبی کوریا اگلے مرحلے میں چلے گئے۔

جنوبی کوریا اور پرُتگال کا میچ ابتدا سے ہی دلچسپ رہا، پانچویں منٹ میں ہی پرتگال کے ریکارڈو ہورٹا نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔

جس کے بعد جنوبی کوریا نے حملوں کی رفتار تیز کردی، اُن کی یہ محنت رنگ لائی اور 27ویں منٹ میں کم ینگ نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، وقفے تک یہی اسکور رہا۔

دوسرے ہا ف میں جنوبی کوریا نے حریف ٹیم پر مزید دباؤ بڑھایا، جس کا صلہ اُنہیں انجری ٹائم میں گول کی صورت میں مل گیا۔

وانگ ہی نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر ٹیم کو نہ صرف برتری دلائی بلکہ اُسے راؤنڈ آف سکسٹین میں بھی پہنچادیا۔

اسی گروپ کے دوسرے میچ میں یوراگوئے نے گھانا کو 0-2 سے مات دی مگر اُن کی جیت کام نہ آسکی کیونکہ اُن کے اور جنوبی کوریا کے پوائنٹس کی تعداد 4، 4 ضرور تھی مگر یوراگوئے نے جنوبی کوریا سے کم گول کیے ہوئے تھے، جس کی بنا پر اُن کی اگلے مرحلے تک رسائی ممکن نہ ہوسکی۔