پنڈی کے رنز فیسٹیول میں پاکستانی بیٹرز کی بھی عید، بغیر نقصان 181 رنز

December 03, 2022

راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پنڈی کی وکٹ پر جاری رنز فیسٹول میں پچ پر دوسرے دن بھی بولروں کوئی مدد نہیں ملی۔ پاکستان بیٹرز کی بھی عید ہوگئی، انگلینڈ کے کئی بیٹنگ ریکارڈز کے بعد پاکستانی لیگ اسپنر زاہد محمود تاریخ کے سب سے مہنگے پاکستانی بولر ثابت ہوئے۔ انگلش بیٹنگ کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے بھی کرارا جواب دیا تاہم پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لئے مزید 277 رنز کی ضرروت ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں جمعے کو دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے181 رنز بنائے۔ انگلینڈ کااسکور برابر کرنے کیلئے مزید476رنز کی ضرورت ہے۔ امام الحق تیسری ٹیسٹ سنچری سے دس رنز دور ہیں۔ انہوں نے90 رنز148 گیندوں پر13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ہیں۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرلئے۔ عبداللہ شفیق بھی تیسری سنچری کے قریب ہیں انہوں نے89رنز158 گیندوں پر دو چھکوں اوردس چوکوں کی مدد سے بنائے ہیں۔ عبداللہ شفیق کو اننگز کے دوران دو مشکل چانس ملے۔ قبل ازیں ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کے بقیہ چھ بیٹسمین 151 رنز کا اضافہ کرکے لنچ سے قبل آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں ریکارڈ 657 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہیری بروک نے153 اوربین اسٹوکس نے41 رنز بنائے۔ اولی رابنسن 37 اور ول جیکس 30 رنز بناسکے۔ نسیم شاہ نے تین وکٹ 140 اور محمد علی نے دو وکٹ 124رنز دے کر حاصل کئے۔ انگلینڈ نے398 رنز چوکوں کی مدد سے بنائے۔ انگلش بیٹرز نے 95 باؤنڈریز لگا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس میں86 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ ہیری بروک نے 115گیندوں پر150 رنز بنائے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا چوتھا تیز ترین 150 رنز ہے۔ بروک نے زاہد محمود کے ایک اوور میں27 رنز بنائے۔ دادو سے تعلق رکھنے والے زاہد محمود نے پہلے ٹیسٹ میں 235 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ یہ ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی بولروں کی جانب سے دیئے جانے والے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس سے قبل2010میں سری لنکاکے سورج رندیو نےبھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں222 رنز دیئے تھے۔