اسپورٹنگ وکٹ کیلئے کوششیں ناکام، مسئلے کا حل ڈراپ ان پچز، رمیز

December 03, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معیاری اور اسپورٹنگ پچ بنانے کے لئے تمام تر کوششیں ناکام ہوگئیں، اس مسئلے کا واحد حل ڈراپ ان پچیں ہیں۔ جمعے کو پنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جب ان سے پنڈی کی بیٹنگ پچ کے بارے میں بہت سارے سوال کیےگئے تو انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے کہا کہ آپ کے پاس کوئی اور موضوع نہیں ہے۔ راولپنڈی کی پچ سے میں بھی خوش نہیں۔ کیوریٹر پچ بناتے ہیں، ٹیم منیجمنٹ پلان دیتی ہے۔ بورڈ کوئی گائیڈ لائن نہیں دیتا۔ ہم نے پچوں کی مٹی تبدیل کرکے دیکھ لی کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔ پچوں کے لئے مٹی نندی پور سے آتی ہے ۔ اب آسٹریلیا سے مٹی منگوائی ہے۔ کراچی اور لاہور میں ڈراپ ان پچیں بنائی جارہی ہیں۔ پچ کے معاملے پر زیادہ نا امید ہوں، جب کرکٹر چیئرمین ہو تو ایسے معاملے میں زیادہ شرمندگی ہوتی ہے۔ اگلے سیزن تک صبر کرنا ہوگا ۔ پہلے ڈراپ ان پچیں آسٹریلیا سے شپ کے ذریعے منگوائی جارہی تھی لیکن اس پر اربوں کا خرچہ ہے۔ اس لئے اب پاکستان میں ڈراپ ان پچیں تیار کررہے ہیں۔ امید کرتا ہوں پچیں اچھی بنیں گی، راولپنڈی ٹیسٹ میں شائقین کرکٹ کی تعداد سے خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ پاکستان سے باہر نہیں جاسکتا اگر کوئی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو ہوسکتا ہے کہ ہم بھی دوسرے ملکوں میں نہ جائیں۔ وقت آنے پر دیکھیں گے کیا کرنا ہے ۔ ایشیاکپ نیوٹرل وینیو پر نہیں جاسکتا۔ بھارت کے بغیر بھیایشیاءکپ کی میزبانی کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم نے اپنا انداز تبدیل کیا ہے اس لئے ایک دن میں پانچ سو رنز بن گئے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کا بھی انداز تبدیل ہو۔