انجری کسی وقت بھی ہوسکتی ہے، بولنگ پر فوکس ہے، نسیم شاہ

December 03, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی اسٹیڈیم کی پچ پر بولرز بے بس دکھائی دے رہے ہیں، ماضی میں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد کی وکٹ کو بھی پیسرز کا قبرستان قرار دیا جاتا تھا۔ جمعہ کوفاسٹ بولر نسیم شاہ سے سوال کیا گیا کہ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد کی پچ کے بارے میں عظیم فاسٹ بولر ڈینس للی نےکہا تھا کہ جب میں مر جاؤں تو مجھے اس پچ میں دفن کردیا جائے، نسیم شاہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ کیا چاہتے ہیں کہ میں مرجاؤں ، نسیم شاہ نے کہا ہے کہ انجری کسی بھی وقت آسکتی میں اپنی بولنگ پر فوکس کرتا ہوں۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیلا ہمارا اپنا انداز ہے اور ان کا اپنا انداز ہے۔ زندگی میں چیلنج کا مزہ آتا ہے، کوشش کرتا ہوں کہ اپنا 100 فیصد دوں، بال اتنا ریورس شاید ہم سے نہیں ہو رہا ہم کوشش کریں گے جو ہماری کارکردگی ہے اس میں بہتری ہو۔ انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن بہترین بولرہیں۔ انگلینڈ نے اچھا کھیلا، ہم نے شروع میں اچھی بولنگ نہیں کی ۔ ٹیسٹ کے آخری دنوں میں اسپنرز کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں روزانہ کچھ نیاہوتا ہے، اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا ، ٹیسٹ بہت زیادہ دلچسپ جا رہا، کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔