جرمنی کی شکست کے بعد تھامس مولر کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ

December 03, 2022

کراچی (جنگ نیوز) جرمن فٹبال ٹیم مسلسل دوسری بار ورلڈکپ مقابلوں میں گروپ مرحلے سے ہی آؤٹ ہوئی ہے۔ 2018 میں روس میں ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم جنوبی کوریا سے شکست کے بعد گھر واپس ہو گئی تھی۔ جمعرات کی شب اپنے آخری گروپ میچ میں جرمنی نے کوسٹا ریکا کیخلاف 4-2 سے ڈرامائی جیت حاصل کی۔ تاہم پوائنٹس کم ہونے کے سبب وہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔ میچ کے بعد جرمنی کے 33سالہ اسٹار کھلاڑی تھامس مولر نے کہا کہ میرے لیے ذاتی طور پر یہ ایک مکمل تباہی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی فٹ بال سے اپنے ریٹائر ہونے کا بھی اشارہ دیا۔