اردو کا آغاز روحانی شاعری سے ہوا، صفت حمد، نعت، مرثیہ شاعری، افتخار عارف

December 03, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اردو زبان کا آغاز ہی روحانی شاعری سے ہوا، حمد، نعت، مرثیہ شاعری کی صفت ہیں، رہیں گی لیکن یہ شاعری ادب کی جمالیات کے ساتھ لکھنا بہت ضروری ہے اور نعت صرف اردو زبان میں ہی قائم رہ سکی جبکہ فارسی اور عربی میں بھی نعتیں لکھی گئی تھیں ۔ حضرت ابو طالب نے پہلی نعت لکھی تھی اور حضور کریمﷺنے خود نعتیں سنی تھیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف شاعر و دانشور افتخار عارف نے آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز کے تیسرے سیشن ”اکیسویں صدی میں تقدیسی ادب“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیشن کی صدارت میں ڈاکٹر عالیہ امام بھی شریک تھیں۔ دیگر مقررین میں رضوان حسین، محمد طاہر قریشی، عقیل عباس جعفری، فراست رضوی اور ڈاکٹر عزیز احسن شامل تھے جبکہ سیشن کے میزبانی کے فرائض عزیز الدین خاکی نے سرانجام دےئے۔