بانی ایم کیو ایم نے عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا عندیہ دیدیا

December 03, 2022

لندن (جنگ نیوز) بانی ایم کیو ایم نے پاکستان میں اگلے عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے وفا پرست عوام کو غداروں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کردی۔ لندن کی عدالت میں پیشی سے قبل ایک ویب ٹی وی سے گفتگو میں بانی ایم کیو ایم نے کہا کہ اگر انہیں اجازت مل گئی تو ایم کیو ایم 2023 میں پاکستان میں ہونے والے ممکنہ عام انتخابات میں حصہ لینے کو تیار ہے۔انہوں نے عوام سے بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل کرنے کے لیے بھی کہا۔بانی ایم کیو ایم نے پنجاب کے عوام سے خصوصی اپیل کی کہ وہ ان کا ساتھ دیں تو ملک کو مل کر ترقی دیں گے۔انہوں نے کرپشن نا منظور اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔دریں اثناء وفاپرست کارکنوں وعوام کے نام سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بانی ایم کیو ایم نے کہا کہ مہاجرقوم کے غدار ملک میں جاری ’’اسٹیٹس کو ‘‘ کے حامی ہیں، جو آج بھی قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔