ہمارے معاشرے میں ایمانداری کی کمی ہے، پوزیشن ہولڈر انٹر آرٹس

December 03, 2022

کراچی(سید محمد عسکری)انٹرمیڈیٹ حصہ دوم آرٹس پرائیویٹ او ر آرٹس ریگولر کے خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نتائج کے پوزیشن ہولڈر طلبہ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایمانداری کی کمی ہے، لوگ جھوٹ بولنے کو برا نہیں سمجھتے، اگر ہم ایماندار ہوجائیں اور سچ بولیں تو پاکستان بہت آگے نکل جائے، فرسٹ پوزیشن ہولڈر سید علی جواد ولد اسد عباس نے کہا کہ وہ عالم دین بننا چاہتے ہیں انہیں ایک ہزار سے زائد احادیث یاد ہیں اور وہ حافظ قرآن ہیں اس لئے ان کا حافظہ بہت اچھا ہے صرف امتحانات کے دن ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ پڑھا اور پوزیشن آگئی، میرے والد صوبائی محتسب کے دفتر میں ملازم ہیں۔ دوسری پوزیشن ہولڈر یسریٰ بنت محمد سہیل نے کہا کہ وہ مدرسے میں عالمہ کا کورس کررہی تھیں اس لئے انٹر پرائیویٹ کیا، اسلامک اسٹیڈیز میں ماسٹرز کرنے کا پروگرام ہے، والد کا دواؤں کا کاروبار ہے، امتحانی مرکز گورنمنٹ گرلز کالج گلستان جوہر میں پڑا جہاں دوران امتحان طالبات کو بھی نقل کرتے ہوئے دیکھا اور بہت افسوس ہوا۔ تیسری پوزیشن ہولڈر اسماء بی بی بنت محمد ریاض الاسلام نے کہا کہ میں اسکول میں پڑھاتی ہوں، عالمہ کا کورس بھی کیا ہوا ہے میں نے کبھی رٹا لگایا نہ ٹیوشن لی، باحجاب یونیورسٹی تک تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ ہے۔ والد ریٹائرڈ ہیں۔