قومی شاہراہوں پر ڈکیتی کے واقعات روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں، ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی

December 03, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی بلوچستان کے صدر حاجی فخر لہڑی ، چیئرمین محمد اسحاق بادینی ، جنرل سیکرٹری سردار مجیب جمالدینی اور نائب صدر حاجی لیاقت پرکانی نے کہا ہے کہ قومی شاہراہوں پر ڈکیتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں ، چاغی اور مستونگ انتظامیہ کی جانب سے چھینی گئی گاڑیاں اور سامان برآمد کرنے پر شکر گزار ہیں،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پرحاجی غلام حیدر رئیسانی ، میر رمضان زہری ، حاجی عبدالواحد ، سلطان علی ، محمد عالم لہڑی ، ٹکری محمد وفا لہڑی ، میرزا خان مینگل ، حاجی بسم اللہ مینگل ، داؤد مینگل بھی موجود تھے ۔انہوں نے ضلع چاغی کے اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط بزدار اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن قبل ہماری ایک گاڑی جو تفتان سے خوردنی اشیاء لارہی تھی کو مسلح ڈاکو چھتر کے مقام پر ڈرائیور کو زدوکوب اور ہاتھ پاؤں باندھ کر دوسری گاڑی میں ڈالنے کے بعد گاڑی سامان سمیت چھین کر لے گئےتھے اور دوسرے دن گاڑی کوسٹل ایریا میں کھڑی کردی تھی ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط بزدار اور ان کی ٹیم نے ہمارے ساتھ تعاون کیا ان کی محنت اور کوششوں سے مسروقہ سامان نوشکی میں ایک چار دیواری سے برآمد ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر چاغی عبدالباسط بزدار جیسے فرض شناس افسر کی وجہ سے علاقے میں امن و امان قائم ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی کہ اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط بزدار جیسے فرض شناس افسر بلوچستان کی ہر تحصیل میں تعینات کیے جائیں تاکہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز اور کاروباری لوگ آزادانہ طریقے سے کاروبار کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقعہ سے کچھ دن پہلے ہماری ایک اور گاڑی مستونگ کے علاقے کوشکک سے اسی طرح مال سمیت چھینی گئی تھی مستونگ لیویز اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سامان سمیت برآمد کرکے ڈاکووں کو گرفتار کیا ۔