رکی پونٹنگ صحت یاب، واپس گراؤنڈ پہنچ گئے

December 03, 2022

فائل فوٹو

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اسپتال میں کچھ دیر علاج کرانے کے بعد واپس کرکٹ گراؤنڈ پہنچ گئے۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز گراؤنڈ سے ہی رکی پونٹنگ نے اپنی طبیعت سے متعلق لوگوں کو آگاہ کیا۔

رکی پونٹنگ نے کہا کہ کل کافی لوگ گھبراگئے تھے، سچ بتاؤں تو میں بھی ڈر گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کمنٹری باکس میں کل مجھے سینے میں دو مرتبہ درد محسوس ہوا جس کے 10 سے 15 منٹ بعد میں اسپتال میں تھا جہاں میرا بہترین علاج کیا گیا۔

سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ آج بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

اس موقع پر رکی پونٹنگ نے مذاقیہ انداز میں کہا کہ کل برا یہ ہوا کہ میں کرکٹنہیں دیکھ سکا۔

علاوہ ازیں رکی پونٹنگ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ نئی صبح کے ساتھ میں واپس آ گیا ہوں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ جسٹن لینگر نے میرا خیال رکھا جب میں نے سینے میں درد کا انہیں بتایا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق رکی پونٹنگ کا گزشتہ روز آسٹریلیا ٹیم کے ڈاکٹروں نے موقع پر علاج کیا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق رکی پونٹنگ کے رائل پرتھ اسپتال میں کچھ ٹیسٹ کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزرکی پونٹنگ کو ٹیسٹ میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے دل میں تکلیف محسوس ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔