خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ

December 03, 2022

شازیہ مری نے کہا کہ خواجہ سرا بھی ہماری طرح ہی معاشرے کا حصہ ہیں

حکومت پاکستان نے پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے خواجہ سراؤں کو کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا اعلان کیا۔

بی آئی ایس پی بورڈ نے چیئرپرسن کی زیر قیادت خواجہ سراؤں کو بینظیر کفالت پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ خواجہ سرا بھی ہماری طرح ہی معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال حکومت کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام سے مستفید ہونے کے لئے خواجہ سرا سب سے پہلے نادرا سے شناختی کارڈ میں اپنی جِنس اپ ڈیٹ کرائیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خواجہ سرا نادرا سے شناختی کارڈ اپ ڈیٹ کروا کر بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر میں اپنی رجسٹریشن کرائیں۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ کامیاب اندراج پر درخواست گزار خواجہ سرا کو 8171 نمبر سے میسج آئے گا اور ان کو سہ ماہی 7000 روپے ملیں گے۔