اکوڑہ خٹک میں پولیس موبائل وین پر حملہ، فائرنگ سے 3 اہلکار شہید

December 04, 2022

اکوڑہ خٹک ،رسالپور (نمائندگان جنگ ) نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل وین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اکوڑہ خٹک چوکی سریا خیل کے پولیس اہلکاروں میں کانسٹیبل امان اللہ، چوکی سریا خیل کے محرر ہیڈ کانسٹیبل محرر منظور اور ڈرائیور ایاز شامل ہیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو نوشہرہ منتقل کردیا گیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس و سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس و سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔