سینئر پارلیمینٹیرین نجمہ حمید انتقال کرگئیں، نماز جنازہ آج ہوگی

December 04, 2022

اسلام آباد( نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی، وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب صاحبہ کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ نجمہ حمید کی نماز جنازہ آج بروز اتوار بعدنماز ظہرڈیڑھ بجے راولپنڈی میں ان کی رہائش (877، ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن ) کے قریب’’اقصی مسجد‘‘ میں ادا کی جائیگی۔ نجمہ حمید جمعہ 2 دسمبر کی شب وفات پاگئی تھیں۔ نجمہ حمید کے ایصال ثواب کیلئے رسم قل اور اجتماعی دعا بروز پیر سیٹلائٹ ٹاؤن، راولپنڈی میں ہوگی۔ نجمہ حمید ایک سیاسی عہداور مسلم لیگ کی شناخت تھیں، انہیں پیدائشی مسلم لیگی کا لقب دیاجاتا تھا۔ قیام پاکستان اور اس کے بعد وہ تمام عمر مسلم لیگ سے ہی وابستہ رہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور بیگم کلثوم نواز کیساتھ اُن کی خصوصی قربت رہی۔ راولپنڈی میں بیگم نجمہ حمید کا گھر مسلم لیگ کا سیاسی قلعہ بنا رہا اور بیگم کلثوم ان کی رہائش گاہ پر نظر بند رہیں۔ بیگم نجمہ حمید وہ دو بار سینٹ کی رکن رہیں۔ پارٹی کے شعبہ خواتین کی طویل ترین عرصہ تک صدر رہنے کا بھی اعزاز انہیں حاصل رہا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے بیگم نجمہ حمید کی وفات پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آئین کی سربلندی، جمہوریت، ملک اور پارٹی کیلئے بہن نجمہ حمید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بیگم نجمہ حمید ایک نظریاتی، بااصول، بہادر، شفیق اور باوفا شخصیت تھیں ۔ انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ میں آج ایک محبت کرنے والی مخلص بہن سے محروم ہوگیا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مرحومہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھیں ان کی وفات بڑا نقصان ہے ۔شہباز شریف نے طاہرہ اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااورمرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ،سابق صدر آصف علی زرداری اورپی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف،ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم و دیگر نے بھی اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں سابق سینیٹر نجمہ حمید کے انتقال پرگہرے دُکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کی سیاست کے میدان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سابق سینیٹر نجمہ حمید کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔