ایم کیو ایم سے مفاہمت وقار مہدی بلامقابلہ سینیٹر منتخب

December 04, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بلا مقابلہ کامیاب ہوگئےالیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ ایم کیوایم پاکستان نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے مفاہمتی پیغام کے بعد سینٹ الیکشن کے لیے اپنے تین امیدواروں احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری کو سینیٹ الیکشن سےدستبردارکردیا،ہفتہ تین دسمبرکوکاغذات نامزدگی واپس لینے اوردستبرداری کا آخری دن تھا جبکہ پیپلز پارٹی کے متبادل امیدوار عاجز دھامرا بھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔ایم کیو ایم کے 3 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے تینوں امیدواروں کی جانب سے دستبردار ہونےکی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کی درخواستیں منظور ہونے کا اعلان کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کےوقار مہدی کا سینیٹ کی جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔ صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ پہلے ہی ایم کیو ایم سے نام مانگ لیے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کے لیے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر شپ دینے اور سینیٹر شپ لینے کا معاملہ ڈیل نہیں مفاہمت کا تسلسل ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے وقار مہدی کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے اپنے امیدواران کو دستبردار کروایا ۔