معروف شاعر جوش ملیح آبادی کا 124 واں یوم پیدائش کل منایا جائے گا

December 04, 2022

جہانیاں ( آن لائن ) برصغیر کے معروف شاعر جوش ملیح آبادی کا 124واں یوم پیدائش 5 دسمبر پیر کو منایا جائے گا۔ مختلف شہروں میں ادبی حلقوں کے زیر اہتمام تقریبات میں جوش ملیح آبادی کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔ جوش ملیح آبادی 5دسمبر1898ء کو ایک علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام شبیر حسن خان جبکہ جوش قلمی نام تھا وہ ملیح آباد کے رہنے والے تھے اس لیے اسے اپنے نام کا حصہ بنا لیا۔تقسیم ہند کے بعد وہ ترک سکونت کرکے کراچی قیام پذیر ہو گئے۔جوش ملیح آبادی قادر الکلام شاعر تھے انہوں نے پہلا شعر محض نو برس کی عمر میں کہا تھاانہیں اردو،ہندی،فارسی،عربی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔انہیں بلاشبہ الفاظ کا سمندر کہا جاتا تھاوہ شاعری کی کثیر کتب کے مصنف تھے ان کی معرکۃ الآرا تصانیف میں ’’شعلہ و شبنم،جنون و حکمت،فکرو نشاط،عروس ادب،حرف و حکایت،روح ادب،آوارہ حق،سنبل و سلاسل‘‘ اور ان کی خود نوشت سوانح یادوں کی برات‘‘ قابل ذکر ہیں۔اردو ادب کا یہ عظیم سرمایہ الفاظ کا سمندر جوش ملیح آبادی 22 فروری 1982 ء کو انتقال کر گئے۔