اتحادیوں نے عمران کیساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مراد علی شاہ

December 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے عمران خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بات چیت شرائط پر نہیں ہوتی، عمران خان میں اب سنجیدگی آجانی چاہئے، پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ضروری ہے، متحدہ قومی موومنٹ اور ہم نے صوبے کی بہتری کے لیے ساتھ مل کر چلنا ہے۔ وہ ہفتہ کی صبح سینٹ پال انگلش ہائی اسکول میں ثقافتی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ ہائوس میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت خصوصی افراد کی ہر طرح سے خدمت کرنے کیلئے تیار ہے، خصوصی افراد کو تعلیم، کھیل ، تفریحی اور ثقافتی میدان میں ہر جگہ یکساں مواقع دیئے جائیں گے۔