میڈیکل اورڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے آن لائن داخلے شروع

December 04, 2022

لاہور(جنرل رپورٹر پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسز میں داخلے کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ ہفتے کے روز شروع ہو گیا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام کیے جانے والے داخلوں کی درخواستیں بنک آف پنجاب کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جا رہی ہیں جس کا لنک :www.bop.com.pk/UHS-2022/Login.aspx ہے۔ ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 دسمبر ہے۔ ایف ایس سی میں 60فیصد یا زائد نمبر لینے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے پنجاب کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔ اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار پنجاب میں اوپن میرٹ سیٹوں پر داخلے کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔ ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 55 فیصد اور بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 45فیصد نمبر ہونا لازمی ہے۔ میرٹ بنانے کیلئے میٹرک 10فیصد، ایف ایس سی 40فیصد اور ایم ڈی کیٹ کے 50فیصد نمبر لیے جائیں گے۔ داخلے کی پراسسنگ فیس ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ امیدواران اپنا آن لائن فارم بھرنے کے بعد پراسسنگ فیس بینک آف پنجاب کی کسی بھی شاخ میں جمع کراسکتے ہیں۔ حافظ قرآن ٹیسٹ اور سپیشل امیدواران کامیڈیکل بورڈ 10سے 13دسمبر کے دوران یو ایچ ایس میں ہوگا۔ عبوری میرٹ لسٹ15دسمبر کو یو ایچ ایس کی ویب سائیٹ پر جاری کی جائیگی۔ ایم بی بی ایس کیلئے پہلی سلیکشن لسٹ19دسمبر کو جبکہ بی ڈی ایس کیلئے 16جنوری2023ء کو جاری کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق داخلے پاکستان میڈیکل کمیشن اورحکومت پنجاب کی ایڈمیشن پالیسی برائے سیشن23-2022 کے تحت مکمل ہوں گے۔ پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کلاسوں کا آغاز یکم مارچ2023ء سے ہوگا۔ یو ایچ ایس نے اس سال امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر داخلوں کے نظام میں بعض تبدیلیاں کی ہیں۔ داخل ہونے والے طلبہ کو اس سال کالجوں میں جاکر فیس جمع کروانے ضرورت نہیں ہوگی۔ سلیکشن لسٹ لگنے کے بعد داخل ہونے والے امیدوار بینک آف پنجاب کے پورٹل سے اپنا کالج فیس چالان ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ ۔ یاد رہے کہ اس سال ایم بی بی ایس کی اوپن میرٹ سیٹیں 3047 جبکہ بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ سیٹیں 189 ہیں۔ اس کے علاوہ ایم بی بی ایس کوٹہ سیٹیں 329 جبکہ بی ڈی ایس کی کوٹہ سیٹوں کی تعداد51 ہے۔