برسلز: نامزد سیکریٹری خارجہ اسد مجید عہدہ سنبھالنے کےلیے پاکستان روانہ

December 04, 2022

پاکستان کے نئے نامزد سیکٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اپنا عہدہ سنبھالنے کےلیے یورپین دارالحکومت برسلز سے پاکستان روانہ ہوگئے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان کو چند روز قبل ہی حکومت پاکستان نے نیا سیکٹری خارجہ مقرر کیا تھا۔

ان کی مستقل تقرری سے قبل اس عہدے پر ایک اور سینئر افسر جوہر سلیم قائم مقام سیکٹری خارجہ کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان اپنی نئی تعیناتی سے قبل یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

وہاں انہوں نے کچھ ہی عرصے میں یورپین یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو آگے بڑھانے میں بھر پور کردار ادا کیا۔

انہوں نے راویتی طرز سفارت کو اختیار کرنے کی بجائے یورپی یونین کے ان مختلف دیگر اداروں کے دروازوں پر بھی دستک دی، جنہیں ہمارے ہاں کم اہمیت کا حامل سمجھا جاتا رہا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بینیلکس ممالک میں شامل لکسمبرگ کی فائنانشل اور ٹیکنالوجیکل اہمیت کو سمجھا اور اس کے ساتھ باقاعدہ سیاسی روابط کو آگے بڑھانے کےلیے پیش قدمی کی۔

اسی وجہ سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان منعقد ہونے والے پولیٹیکل ڈائیلاگ کے دوران انہوں نے قائم مقام سیکٹری خارجہ جوہر سلیم کا لکسمبرگ کےلیے باقاعدہ پروگرام ترتیب دیا۔

ان کی اس تقرری کے بعد امید ہے کہ وہ پاک یورپ تعلقات میں اس گہرائی کو حاصل کرنے کی بھر پور جدوجہد کریں گے، جس کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

اس کے ساتھ ہی ان کی نئی تقرری پر بیلجیئم میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کےلئے انتہائی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔