شیری رحمٰن دنیا کی 25 بااثر خواتین میں شامل، نکولاسٹرجن کا خراج تحسین

December 05, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے2022ء کے لیے دنیا کی25بااثر خواتین کی جو لسٹ شائع کی ہے، اس میں پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کی وزیر شیری رحمن کا نام بھی شامل ہے۔ اس لسٹ میں فن لینڈ کی وزیراعظم ،بار باڈوس کی وزیراعظم اور پرنس ہیری کی بیوی میگھن مارکل کے نام بھی شامل ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے شیری رحمن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں پر دیئے گئے بیان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کیا اور بتایا کہ گلوبل نارتھ اور گلوبل ساؤتھ کے درمیان ڈائیلاگ کامیاب نہیں ہورہے۔ شیری رحمن نے اپنی دلیل کی قوت سے ترقی یافتہ ممالک کو اپنی بات سننے پر مجبور کیا، وہ لوگ جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے مشکلات کا شکار ہوئے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے شیریں رحمٰن نے ایک گراؤنڈ بریکنگ معاہدہ کیا جس سے متاثرین کے لیے ایک فنڈ قائم کیا گیا اور گلوبل ساؤتھ کے لوگوں کے لیے امیدیں پیدا ہوئیں۔ نکولا سٹرجن نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ شیری رحمن موسمیاتی انصاف، عالمی ماحولیاتی اصلاحات اور پاکستان کے ان حصوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اہم فنڈز جمع کرنے کی اپنی مہم جاری رکھیں گی۔