یورپین یونین کی اسرائیلی فورسزکے ہاتھوں فلسطینیوں کی ہلاکت پر شدید تشویش

December 05, 2022

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے فلسطینی علاقے ویسٹ بینک میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی جانب سےفلسطینیوں کو ہلاک کرنے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برسلز سے جاری بیان میں یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ یورپین یونین کو مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کی بڑھتی ہوئی سطح پر شدید تشویش ہے۔ صرف گذشتہ دنوں کے دوران ISF اسرائیلی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 10 فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز اسرائیلی فورسز کے ایک رکن کے ہاتھوں ایک فلسطینی شخص عمار مفلح کاالمناک قتل اسکی تازہ ترین مثال ہے۔ یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے مزید مطالبہ کیاکہ ایسے ناقابل قبول حقائق کی چھان بین اور ان کا مکمل احتساب ہونا چاہیے،کیونکہ بین الاقوامی قانون کے تحت، مہلک طاقت کے استعمال کو صرف ان حالات میں جائز قرار دیا جا سکتا ہے جب فورسز کے اہلکار کی زندگی کیلئے سنگین اور فوری خطرہ موجود ہو۔