آرٹس کونسل، پندرہویں عالمی اردو کانفرنس اختتام پذیر، قراردادوں میں ماحولیاتی آلودگی کو اہمیت دینے کا مطالبہ

December 05, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی پندرہویں عالمی اردو کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں مختلف قراردادوں کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اور معاشرے دونوں کی سطح پر ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کو وہ اہمیت دی جائے کہ جس کی وہ متقاضی ہے، ہمارا یقین ہے کہ تخلیقی سرگرمیوں کی شرطِ اول بنی نوح انسان کی بقا ہے اور انسان کی بقا تب ہی ممکن ہے جبکہ ماحولیات کو انسان دوست بنایا جائے اور قدرتی آفات کے آگے بند باندھنے کو اولین اہمیت دی جائے، گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی ہم کشمیر میں حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں کی مذمت اور عوام کے حق خودارادیت کی پرزور حمایت کرتے ہیں، اہل فکر ودانش کا یہ اجتماع رنگ و نسل، ملک و قوم اور مذہب سے قطع نظر سب انسانوں کے بنیادی حقوق پر مکمل یقین کا اظہار اور جہاں کہیں بھی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اس کی مذمت کرتا ہے،اجتماع کا خیال ہے کہ علمی و ادبی سرگرمیوں اور تخلیقی کام کے لیے جمہوری فضا کی موجودگی ناگزیر ہے، جمہوری ماحول ہی میں افکار کی ترسیل ہوتی ہے، خیالات کا تبادلہ ہوتا ہے، مکالمہ ممکن ہوتا ہے اور سوچ اور فکر کا عمل آگے بڑھتا ہے، ہم ہر قسم کی رکاوٹوں اور بندشوں کی مذمت کرتے ہیں وہ خواہ سرکاری نوعیت کی ہوں یا معاشرے کے بعض انتہا پسند حلقوں اور گروہوں کی طرف سے عائد کی گئی ہوں، ہمارے خیال میں آزادیٔ فکر وعمل انسان کا بنیادی حق اور تخلیق کے سفر میں انسان کے بنیادی رختِ سفر کی حیثیت رکھتی ہے، ملک کا مستقبل اس نئی نسل سے وابستہ ہے، ہمارا یقین ہے کہ نئی نسل کو تعمیری فکر سے ہمکنار کرنا اور ا ن کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا حکومتوں،تعلیمی اداروں اور معاشرے میں بڑی تعداد میں موجود علم و ادب سے وابستہ افراد کا کام ہے، یہ بھی ضروری ہے کہ ہماری نئی نسل کو پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے کا وارث تسلیم کیا جائے، قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ہم پاکستان کی جملہ زبانوں کو یکساں اہمیت کا حامل تصور اور ان کی اس حیثیت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ تراجم کے ادارے تمام یونیورسٹیوں میں قائم کیے جائیں اور ان کے درمیان رابطوں اور ایک دوسرے کے کام میں تعاون کے راستے تلاش کرنے کو یقینی بنا یاجائے ، ہم پرائمری کی سطح کی تعلیم کے لیے مادری زبان کو ضروری قرار دیتے ہیں اور اس سمت میں فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں، تعلیمی بجٹ کے اضافے ، تعلیمی نظام کے مختلف تضادات کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے،ہمارے خیال میں ملک میں انتہا پسندی کی فضا یہاں علم، تحقیق اور تدریس کے لیے بہت بڑے چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم آرٹس کونسل کی اردو کانفرنس منعقد کرنے کی روایت کی پرزور تحسین کرتے ہیں۔