الخدمت بنو قابل میگا پروجیکٹ، ہزاروں طالبات کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت

December 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت ’’بنو قابل میگا پروجیکٹ ‘‘ کے تحت کراچی کی میٹرک وانٹر پاس طالبات کے لیے آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ کے اگلے مرحلے میں اتوار کو باغ جناح کے وسیع و عریض گرائونڈ میں ہزاروں طالبات نے انٹری ٹیسٹ دیا ،طالبات کی قابلیت و استعداد کی جانچ کے بعد کامیاب طالبات کو کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ ، ویب ڈیولپمنٹ ، گرافک ڈیزائنگ ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، ایمزون ، ورچیول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے ہزاروں روپے مالیت کے کورسز مفت کرائے جائیں گے ،الخدمت نے اس پروگرام کے لیے شہر کے معروف آئی ٹی پروفیشنلرز کی بڑی ٹیم اور اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے، 4سے6ماہ کی مدت کے ان کورسز کے بعد ان طلبہ کے روزگار کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی،بنو قابل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں طالبات کے ٹیسٹ کا جلد انعقاد ہو گا ، انٹری ٹیسٹ میں شریک طلبہ اور ان کے والدین نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا ، بھر پور حاضری کے باوجود ٹیسٹ کا انعقاد و اختتام نہایت منظم انداز سے ہوا،انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کے اساتذہ سمیت رضاکاروں پر مشتمل مختلف کلسٹرز بنائے گئے تھے ،طالبات کو سوال نامے کے ساتھ الخدمت کے لوگو والا فائل فولڈربھی فراہم کیا گیا ، افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ ،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ ،سینئر آرٹسٹ بہروزسبزواری ، ایاز خان ، زیبا شہناز، اینکر پرسن ڈاکٹر شائستہ لودھی و دیگر نے بھی خطاب کیا ،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اتنی بڑی تعداد میں کراچی کی بیٹیاں یہاں موجود ہیں ،حکمران قوم کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں لیکن کراچی کی بیٹیوں نے علم حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،جماعت اسلامی کراچی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کوپڑھا نااورآگے بڑھانا چاہتی ہے ، انٹری ٹیسٹ میں پاس ہونے والے ہر طالبہ کو فری اسکالر شپ دیں گے ،وہ سارے لوگ اورحکمران ٹولہ جو قوم کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں ، ان سب کو کراچی کی بیٹیوں نے مزار قائد کے پہلومیں جمع ہوکر پیغام دے دیا ہے کہ ہم علم کی روشنی میں آگے بڑھیں گی ، ملک کی تمام حکومتی جماعتوں کا کام ایک جگہ اور آج کی طالبات کا عزم ایک جگہ ہے ،حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم دے لیکن حکومت وریاست اپنی ذمہ داری سے غافل ہے ، کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو کراچی میں ماڈل اسکولز بنائیں گے اور کے ایم سی کے اسکولوں میں آئی ٹی کی کلاسیں شروع کریں گے ، اب ہاؤس وائف کی فنی تعلیم و تربیت کے لیے پروگرام بنارہے ہیں ، حافظ نعیم الرحمن نے تقریر کے اختتام میں طالبات سے عہدبھی لیا ۔