فائرنگ سے زخمی فٹبالر چل بسا، لواحقین کا لاش کے ساتھ احتجاج

December 05, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )موچکو کے علاقے میں ایک ہفتہ قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والا فٹبالر چل بسا،لواحقین کا حب ریور روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج،تفصیلات کے مطابق مواچھ گوٹھ کچھی محلہ میں 28 نومبر کو گولی لگنے سے عبدالآحد زخمی ہوا تھا جو اتوار کو سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا،ایس ایچ او شاہد چوہدری کے مطابق محلے میں دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی تھی،مقتول وہاں سے گذر رہا تھا کہ ایک گولی اسکے ماتھے پر آ کر لگی تھی،مقتول غنی اسپورٹس فٹبال کلب سے کھیلتا تھا،مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے اتوار کو ایس پی آفس کے سامنے مقتول کی لاش رکھ کر احتجاج کیا اور حب ریور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرنے کے باعث دونوں ٹریکس پر ٹریفک معطل ہو گیا،مظاہرین نے مقتول کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا،ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے واقعہ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے،بعد ازاں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد حب ریور روڈ کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لئیے کھلوا دیا۔