مبینہ پولیس مقابلوں میں زخمی سمیت 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

December 05, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے بعد زخمی سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 اسٹریٹ کرمنلز محمد حسین اور محمد ریحان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،ملزمان ایک شہری کو لوٹ کر فرار ہورہے تھے،ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول اور لوڈ میگزین برآمد کیا گیا ہے،ماڑی پور پولیس نے ٹری اڈہ گودام اسٹریٹ پر مبینہ مقابلے میں دو زخمیوں سمیت 3 ملزمان محمد اظہر اور نور رحمان مراد خان کر گرفتار کرکے تین پستول اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ،سچل پولیس نے لنک روڈ پولیس سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان اظہار حسین اور میر محمد کو گرفتار کرکے دو ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ،اورنگی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈکیت گینگ کے دو کارندوں وکیل اور وجاہت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،مقابلہ ایم پی آر کالونی صدیق اکبر روڈ پر ہوا، ملزمان سے دو پستول ، موبائل فون، نقدی اور زیراستعمال موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے،پولیس نے بتایا زخمی ملزمان اغواء برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔