اوپن مارکیٹ چکی آٹا گندم کی قیمت میں تین سو روپے کا اضافہ

December 05, 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) راولپنڈی اسلام آباد سمیت دوسرے اضلاع کی چکیوں کی گندم میں تین سو روپے فی پچاس کلو گرام کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

30نومبر کو پچاس کلو گندم کا توڑا چکی مالکان کو 45سے 48سو روپے میں دستیاب تھا جو اتوار 4دسمبر کو پچاس کلو گندم کا توڑا 51سو روپے ہو گیا ہے۔ اس طرح چکی مالکان کو ایک سو روپے سے بھی زیادہ قیمت پر فی کلو گندم خریدنا پڑ رہی ہے۔

علاقے میں چکی آٹے کی قیمت ایک سو بیس روپے کلو پچھلے ہفتے ہو گئی تھی‘ اب تین سو روپے فی پچاس کلو گرام گندم قیمت میں اضافے کا اثر پانچ سے سات روپے فی کلو آٹے پر پڑیگا۔

چکی آٹا مالکان کے ایک سینئر رُکن چوہدری حامد نے بتایا کہ حکومت اگر ہمیں تین ہزار روپے من فلور ملز مالکان کی طرح گندم کا سرکاری کوٹہ دے دے تو ہم بھی بجلی اور لیبر وغیرہ کے متفرق اخراجات ڈال کر آٹا سوا سو سے سو روپے کلو کرنے کی پوزیشن میں ہونگے اور اس سے ضلعی انتظامیہ کو بھی چکی مالکان کے بازو مروڑنے کی ضرورت نہیں پیش آئیگی۔