اقتصادی فورم کانفرنس آج اسلام آباد میں شروع ہوگی

December 05, 2022

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) تھنک ٹینک پائیدار ترقیاتی پالیسی انسٹیٹوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے 25سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی تقریب کے موقع پر جنوبی و جنوب مغربی ایشیا کے اقتصادی فورم کانفرنس آج سے اسلام آباد میں ہوگی۔ یہ کانفرنس 8دسمبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس اقوام متحدہ کےاقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیاو پیسفک اور حکومت پاکستان کا اشتراک سے ہورہی ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کانفرنس کا افتتاح کریں گے جبکہ اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے، اقوام متحدہ کےانڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر آرمیدہ سالسیا بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہونگے۔ علاوہ ازیں مالدیپ کے نائب وزیر منصوبہ بندی، سری لنکا کے وزیر خزانہ، نیپال کے پلاننگ کمیشن کے نائب چیئرمین کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔