جمہوری طرز اپنائے بغیر مسائل حل نہیں ہونگے، سیاسی رہنما

December 05, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ میرا خان مندوخیل اور عبید اللہ مندوخیل نے صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سردار سمیع لونی ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے احمد جان ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سید اکبر کاکڑ ، پیپلز پارٹی کے ربانی کاکڑ ، اے این پی کے مرکزی رہنماء ارباب غلام ، ڈاکٹر ظاہر بازئی ، ڈاکٹر افراسیاب خان مندوخیل اور فرید خان مندوخیل اور دیگر نےکوئٹہ پریس کلب میں میراخان مندوخیل کی31ویں اور عبید اللہ مندوخیل دوسری برسی کے موقع پر سیاسی نوجوانان کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کیا ،ریفرنس کی صدارت عوامی ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن صوفی عبدالخالق بلوچ نے کی،مقررین نے کہا کہ میرا خان مندوخیل نے دیگر سیاسی قائدین کے ساتھ پشتون عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ان کے نقش قدم پر چل کر ہی موجودہ حالات کے تناظر میں درپیش مسائل سے نجات ممکن ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت مسائل بڑھ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے کو جمہوری طرز پر نہیں چلایا جاتا اس وقت تک مسائل حل نہیں ہونگے۔