نوجوان نسل ملک و ملت کا بیش قیمت سرمایہ ہے، اہلسنت و جماعت

December 05, 2022

کوئٹہ(پ ر) اہلسنت وجماعت کے رہنما ذوالفقار علی طارقی قادری نے طلباء کے تربیتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک وملت کے مستقبل کا ایک بیش قیمت سرمایہ ہے جس پر ملک وملت کی ترقی وتنزل موقوف ہے یہی اپنی قوم اور اپنے دین وملت کے لیے ناقابلِ فراموش کارنامے انجام دے سکتے ہیں یہ ایک حقیقت ہے کہ نوجوان کی تباہی قوم کی تباہی ہے اگر نوجوان بے راہ روی کا شکار ہوجائے تو قوم سے راہِ راست پر رہنے کی توقع بے سود ہے جوانی کی عبادت کو پیغمبروں کا شیوہ بتایا گیا ہےآج کا مسلم نوجوان یہ حقیقت تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں کہ شریعت نے انسان کو یہ حقیقت سمجھائی ہے کہ اس کا وجود انسان کی اپنی ملکیت نہیں ہے بلکہ اللہ کی امانت ہے لہٰذا اس امانت کی حفاظت کرنا اسے اللہ اور اس کے رسولؐ کے احکامات کے مطابق استعمال کرنا لازم ہے انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان نماز ترک کرتا ہے روزہ چھوڑتا ہے سگریٹ پیتا ہے جام چھلکاتا ہے گانے گاتا ہے فلمیں دیکھتا ہے نیٹ کا منفی استعمال کرتا ہے جھوٹ بولتا ہے احکام اسلام کو توڑتا ہے جو شخص والدین کے حقوق ادا نہیں کرتا اس کو سزا دنیا میں بھی ہوگی اور آخرت میں بھی ہوگی ۔ مدارس کا وجود خدا کی بہت بڑی نعمت ہے واقعی یہ اسلامی قلعے اور اسلام کا پاورہاؤس ہیں۔