کوئٹہ میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا، بی این پی

December 05, 2022

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی و ضلعی رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے گھمبیر مسائل کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے شہری گوں نا گوں مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں، سریاب روڈ ، قمبرانی روڈ ، مغربی بائی پاس روڈ ز کے تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہیں، گیس پریشر کم اور نہ ہونے سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے، دس سے پندرہ دن کے اندر کوئٹہ میں زیر تعمیر شاہراہوں پر کام کی رفتار تیزاور گیس پریشر بحال نہ کیاگیا تو پارٹی بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ بی این پی شہریوں کومذید تکلیف و مشکل صورتحال میں دیکھنا نہیں چاہتی۔ان خیالات کا اظہاربلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام جاری تنظیم سازی مہم کے سلسلہ میں کلی سردہ سریاب میں معروف سیاسی و قبائلی شخصیت ٹکری محمد جان شاہوانی مرحوم کے نام پر منسوب نئے یونٹ کے قیام کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری ، چیئرمین جاوید بلوچ ،حاجی باسط لہڑی، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی ، فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی ، پروفیشنل سیکرٹری میر غلام مصطفی سمالانی ، انسانی حقوق سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ، اسد سفیر شاہوانی،ملک عادل شاہوانی، ملک محمد حسن مینگل،ٹکری یاسر شاہوانی، ملک داؤد خان شاہوانی اور ملک عبدالرسول شاہوانی نے کیا۔ اس موقع پر نئے یونٹ کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاگیا کہ وہ اپنی کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقے میں پارٹی کو فعال و متحرک بنانے کی خاطر جد و جہد اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ تنظیمی طور پر مضبوط ہوئے بغیر ہم کسی صورت آنے والے حالات واقعات اور چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ تمام یونٹس ماہانہ اپنا اجلاس منعقد کرکے تنظیمی اورعلاقائی مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں جبکہ لوگوں سے بھی رابطہ بحال رکھاجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں کے باعث آج کوئٹہ میں تمام شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں ۔قمبرانی روڈ ، سریاب روڈ، سبزل روڈ، مشرقی بائی پاس، مغربی بائی پاس کو ازسر نو تعمیر کے نام پر توڑ کر کھنڈربنادیا گیا اور اب ان شاہراہوں پر کام انتہائی سست ہے جس کے باعث ان شاہراہوں سے روزانہ گزرنے والی ٹرانسپورٹ اور عوام کو شدید مشکل کا سامنا ہے ۔لوگوں کا کاروبار تباہ گیالیکن صوبائی حکومت کو اس کا احساس ہی نہیں دوسری جانب شہرمیں لوگ گیس بجلی اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوںسےبھی محروم ہیں۔چوری ،ڈکیتی اورراہزنی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی ان عوام دشمن پالیسیوں پر کسی بھی صورت خاموشی اختیار نہیں کرےگی، حالات و واقعات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیاگیا۔ سیاسی و جمہوری انداز میں سخت احتجاج کریںگے ۔اس موقع پر نئے یونٹ کے عہدیداروں کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔تین رکنی الیکشن کمیٹی ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ، ممبران میں ضلعی فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی اور اسد سفیر شاہوانی تھے، یونٹ سیکرٹری کیلئے اسد اللہ شاہوانی ڈپٹی یونٹ سیکرٹری ملک داؤد خان شاہوانی اور ضلعی کونسلر کیلئے ٹکری یاسر شاہوانی منتخب ہوئے۔