وفاقی محتسب کی مداخلت پر درخواست گزار کو پنشن ادا کردی گئی

December 05, 2022

کوئٹہ(پ ر)وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ کے احکامات پر خورشیدانور اکاؤنٹ مینیجر پی ایم ڈی سی کی پینشن کے واجبات ادا کر دیئے گئے تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں پی ایم ڈی سی کے ریٹائرڈ اکاؤنٹ مینیجر خورشید انور نے درخواست دائر کی تھی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد محکمہ پینشن دینے سے انکاری ہے درخواست گزار نے سو جتن کئے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی تاہم درخواست موصول ہوتے ہی انکوائری کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور انکوائری میں جب پی ایم ڈی سی کوئٹہ کے افسران جواب نہیں دے پائے تو وفاقی محتسب کے عملے نے پی ایم ڈی سی اسلام آباد سے افسران کو کوئٹہ طلب کیا اور ایک طویل انکوائری کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ درخواست گزار خورشید انور کی پینشن پر لگائے گئے محکمے کے تمام اعتراضات غلط ہیں جس پر وفاقی محتسب نے احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر درخواست گزار کی پینشن کے واجبات ادا کئے جائیں احکامات موصول ہوتے ہی درخواست ایک کروڑ 32 لاکھ روپے ادا کردیئے گئے۔