اتوار بازاروں میں سرکاری نرخناموں پر شہریوں کی شکایات برقرار

December 05, 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) اتوار بازار ایچ نائن اور جی سکس میں سرکاری نرخناموں پر شہریوں کی شکایات بدستور قائم ہیں۔ لوئی بھیر اتوار بازار میں دیدہ دلیری سے من مانے نرخ وصولی کی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مقررہ قیمتوں پر سبزیوں اور پھلوں کی عدم دستیابی سے ہفتہ وار بازاروں کی افادیت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ چیف کمشنر کو صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے۔ گزشتہ روز سرکاری نرخناموں کےمطابق آلو 80، پیاز 183، افغان 120، ادرک 288، لہسن 248، ٹماٹر 140، سبز توری 130، ٹینڈا 62، لوکی 84، سفید کدو 84، بھنڈی 130، کریلا 100، کھیرا 50، مٹر 100، سبز مرچ 84، شملہ 76، پھول گوبھی 55، چقندر 80، سیب کالا کلو 205، سیب گولڈن 165، انار 400، انار قندھاری 315، کیلا 145درجن، مالٹا 120، کینو 180، مسمی 120فی درجن قیمت مقرر کی گئی تھی۔ ڈی ایم اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بازار حیدر امام نے بتایا کہ سبزی منڈی نرخوں میں 5فیصد اضافہ کر کے ریٹ لسٹیں جاری کی جاتی ہیں۔