گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کے حوالے سے حکومتی پالیسی میں نرمی

December 05, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس ملتان ڈویژن جام سراج احمد نے اوپن لیٹر پر چلنے والی موٹر وہیکل مالکان کو پنجاب حکومت کی جانب سے بغیر بائیومیٹرک کی سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا ہے کہ وہ فروخت کنندہ کی بائیو میٹرک کے بغیر گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کے حوالے سے حکومت پنجاب کی پالیسی سے فائدہ اٹھائیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر ایکسائز نے مزیدکہا کہ صوبائی حکومت نے بائیو میٹرک کے بغیر گاڑیوں کی رجسٹریشن میں دو ماہ کی سہولت دی ہے جو اگلے ماہ 20 جنوری 2023ء تک جاری رہے گی تاہم اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کا فروخت کنندہ کا انتقال ہو چکا ہے، بیرون ملک مقیم ہیں یا بینکوں کے توسط سے لی گئی گاڑیاں بائیو میٹرک کے بغیر منتقل نہیں کی جا سکیں گی، انکے علاوہ تمام گاڑیاں کی ٹرانسفر ملکیت کی سہولت میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے وقت دستاویزات بشمول اصل فائل، کاپی، بیچنے والے اور خریدار کے شناختی کارڈ کی کاپی، گاڑی کی رجسٹریشن بک/کارڈ، خریدار کی جانب سے 100 روپے مالیت کا حلف نامہ اور خریدار کی جانب سے درخواست لازمی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ خریدار کا بائیو میٹرک ضروری ہے۔ڈائریکٹر ایکسائز نے مزید بتایا کہ شوروم مالکان بھی گورنمنٹ آف پنجاب کی دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ جام سراج احمد نے مزید کہا کہ ایکسائز آفس میں گاڑیوں کی منتقلی کے حوالے سے شہریوں کی سہولت کے لیے9 خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری دفتری اوقات میں گاڑیوں کی منتقلی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات کے حصول کے لیے کاونٹرز پر جا سکتے ہیں جبکہ ہرعام وخاص کی مدد کے لئے بھی ان کے دفتر کے دروازے بھی کھلے ہیں۔