واسا کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

December 05, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں واسا کے زیر انتظام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سیوریج اور واٹر سپلائی کی بنیادی سروسز سے مستفید کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی میعار میں کمی کی شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنی اپنی حدود میں موثر مانیٹرنگ کریں جن منصوبوں میں رکاوٹیں حائل ہیں ان کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی بڑھانے کے لئے افسران اپنی تمام کوششیں بروئے کار لائیں ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہیڈ آفس میں جاری منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ڈائریکٹر فنانس محمد سعید ڈوگر ،ڈپٹی ڈائریکٹرزحافظ محمد وقاص، رائے محمد ساجد، عمر ظفر گورمانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جمیل حیدر ودیگر موقع پر موجود تھے، منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے ڈائریکٹرز کو تمام منصوبوں کی باقاعدگی کے ساتھ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ،بعد ازاں انہوں نے فاروق پورہ کے علاقے میں سیوریج لائن پر متعدد کراؤن فیلئیر کے واقعات رونما ہونے کے بعد اہل علاقہ کو درپیش مسائل پر موقع کا دورہ کیا، اس دوران ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فاروق پورہ کے گنجان آباد علاقے میں سیوریج لائن پر کراؤن فیلئیر کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں اور اس وقت بھی ڈی واٹرنگ پمپنگ کے ذریعے سسٹم کو چلایا جا رہا ہے جس پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ نے گارڈن ٹاون سیوریج سب ڈویژن کو لائن کی تبدیلی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔