سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کا دورہ

December 05, 2022

لاہور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ کا دورہ کیا ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ اور فارمیسی کا معائنہ کیا۔سیکرٹری صحت نے حاضری رجسٹر اور سٹاک رجسٹر ادویات کا ریکارڈ چیک کیا اور مریضوں سے ادویات کی دستیابی سے متعلق پوچھا۔مریضوں نے ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی مفت فراہمی پر اظہار اطمینان کیا۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ٹی ایچ کیو لیول پہ ہیپاٹائیٹس، ٹی بی اور گائنی کے کیمپ لگائے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کردہ تمام طبی سہولیات سے متعلق شہریوں آگہی دی جائے۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اور وزیر صحت ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو مانیٹر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں دورہ کرکے ہسپتالوں میں پائی جانیوالی مسنگ فیسلیٹیز کا جائزہ لے رہی ہیں۔