جمائمہ گولڈ اسمتھ نے پاکستان میں زندگی کا کونسا اہم سبق سیکھا؟

December 05, 2022

جمائمہ گولڈ اسمتھ، فائل فوٹو

عمران خان کی سابقہ اہلیہ، برطانوی فلمساز جمائمہ گولڈ اسمتھ کی پاکستان سے بے پناہ محبت سے تو سب ہی واقف ہیں اور اکثر ہی وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے حق میں بات کرتی نظر آتی ہیں۔

جمائمہ گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے پاکستان میں جو وقت گزارا اس میں زندگی کا ایک بہت اہم سبق سیکھا۔

حال ہی میں اُنہوں نے جدہ میں منعقد ہونے والے ’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ میں اپنی فلم’What’s Love Got To Do With It‘کی نمائش کے لیے پیش کی تو اس موقع پر اُنہیں ایک بار پھر پاکستان کی یاد آگئی۔

جمائمہ گولڈ اسمتھ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’ریڈ سی فلم فیسٹول‘ سے کچھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’میں ہمیشہ سعودی حکومت کو ملک میں انسانی حقوق کے خوفناک ریکارڈ اور یمن میں برطانوی ہتھیاروں کی مدد سے لڑی جانے والی جنگ پر تنقید کرتی رہی ہوں اور مستقبل میں بھی کرتی رہوں گی‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’لیکن سعودی عرب پر تنقید توازن کے ساتھ ہوگی کیونکہ میرے خیال سے ایسے ملک میں میری فلم کی نمائش ہونا جوکہ مختلف ثقافتوں، رواداری اور محبت کے پیغام پر مبنی ہے، جس کی کاسٹ میں بہت سی آزاد اور مضبوط خواتین شامل ہیں، ایک بہت بڑی اور اہم بات ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’جہاں فلمیں بنانا تو بہت دور کی بات ہے آج سے 5 سال پہلے تک صرف سینما کھولنا بھی ایک غیر قانونی کام تھا یہاں تک کہ خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں تھی‘۔

جمائمہ نے سعودی عرب میں آنے والی اس بڑی تبدیلی کو دیکھنے کے بعد پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ’میں نے پاکستان میں گزری اپنی زندگی سے یہ سیکھا ہے کہ لوگوں سے دور رہنے سے شاذ و نادر ہی تبدیلی آتی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں میں گُھلنا ملنا سیکھا جائے، خاص طور پر آرٹ اور ثقافت کے ذریعے، یہی ایک طریقہ ہے جس سے معاشرے میں کچھ چیزیں تبدیل ہوسکتی ہیں۔